لاہور (اے بی این نیوز )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے واضح کیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کی جانب سے قانون شکنی کی گئی تو اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی اور پولیس تماشائی بن کر کھڑی نہیں رہے گی۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کوئی ایسا مقام نہیں جہاں تماشا لگایا جائے، نہ ہی یہ زمان پارک یا کوئی پیر خانہ ہے۔ ان کے مطابق قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا کہ اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کا کوئی ذمہ دار عہدے دار موجود نہیں، جب کہ پارٹی خواتین کو بطور ڈھال استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رویہ قابلِ مذمت ہے اور خواتین کو سیاسی مقاصد کے لیے آگے کرنا درست نہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ اگر پولیس کے ساتھ بدتمیزی یا ہاتھا پائی کی گئی تو اس کا فوری ردعمل آئے گا۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے اور کسی بھی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق قانون کو ہاتھ میں لینے والا کوئی بھی فرد ہو، اسے کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں :برفباری کا 146 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا















