راولپنڈی (ا ے بی این نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے جو کچھ کرنا پڑا کریں گے، اور اس جدوجہد میں ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔راولپنڈی فیکٹری ناکہ کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عوام بانی پی ٹی آئی کے بارے میں سننا چاہتے ہیں، اسی لیے ہم یہاں موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں عوامی شعور بیدار ہو چکا ہے اور لوگ اب ہر معاملے کو سمجھنا اور جانچنا چاہتے ہیں۔
علیمہ خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی نئی سیاست ہے، جبکہ پرانی سیاست کو نوجوان نسل دفن کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سیاست میں متحرک دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، کیونکہ یہی طبقہ ملک کی سمت کا تعین کرے گا۔
کراچی سے متعلق بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ یہ کہنا محض ایک دھوکا ہے کہ کراچی میں شدید خوف پایا جاتا ہے۔ حقیقت اس کے برعکس ہے اور کراچی ایک پُرامن شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر چھوٹے سے چھوٹا افسر بھی بلٹ پروف گاڑی کے بغیر نہیں چلتا، مگر سہیل آفریدی نے گاڑی کی چھت پر بیٹھ کر دورے کیے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کے عوام امن پسند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی نے کراچی کے خوف کے بت توڑ دیے ہیں، جو کوئی معمولی کارنامہ نہیں۔ ایسے نڈر اور باہمت نوجوان ہی پاکستان کے مستقبل کے سیاستدان ہوں گے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ آج ہر پاکستانی سیاستدان بن چکا ہے۔ ان کے مطابق نیا پاکستان بن چکا ہے جہاں اب عوام خود فیصلہ کرتے ہیں کہ ملک کو کس سمت لے جانا ہے۔انہوں نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سیاسی نظام کمپنیوں کی طرح ہے، جن کی اپنی شیئر ہولڈنگ ہے، جبکہ تحریک انصاف کی سیاست عوامی شعور اور شفافیت پر مبنی ہے۔
مزید پڑھیں :روس کھل کر ایران کی حمایت میں آگیا















