اہم خبریں

اسلام آباد میں ایک وکیل کی جان لے لی گئی، بار ایسوسی ایشن کا کل مکمل ہڑتال کا اعلان

اسلام آباد (  اے بی این نیوز      ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں گولی لگی لاش برآمد ہونے سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز ایچ نائن ٹو کے قریب ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی، جسے سر کے پچھلے حصے میں گولی مار کر قتل کیا گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کی عمر تقریباً 40 سال کے لگ بھگ ہے اور گولی سر کے پچھلے حصے سے داخل ہو کر اگلے حصے سے باہر نکل گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد مقتول کی شناخت شیخ عبدالروف کے نام سے ہوئی ہے، جو پیشے کے اعتبار سے وکالت سے وابستہ تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ انڈسٹریل ایریا اسلام آباد کی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کیے جبکہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے پوسٹ مارٹم کی غرض سے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق قتل کی وجوہات جاننے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وکیل کے قتل پر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کل مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ بار ایسوسی ایشن کے مطابق ضلعی کچہری میں وکلاء عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کریں گے۔اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں شیخ عبدالروف ایڈووکیٹ کے قتل کی سخت مذمت کی گئی ہے اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وکلاء کی جان و مال کا تحفظ پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے، تاہم حالیہ واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ادارے وکلاء کے تحفظ میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔بار ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ وکلاء کے بے دردی سے قتل پر خاموشی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں :سینئر صحافی ارشد شریف کیس کی سماعت ، تاریخ مقرر

متعلقہ خبریں