اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات آئین کا واضح تقاضا ہیں اور حکومت کو یہ الیکشن ہر صورت کرانے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت مکمل نہیں ہو سکتی اور عوام کو اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ناگزیر ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے جماعت اسلامی کی جانب سے ریفرنڈم کے اعلان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ان سے یا ان کی جماعت سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی فیصلوں میں مشاورت ضروری ہوتی ہے، تاہم ہر جماعت اپنی حکمت عملی بنانے میں آزاد ہے۔
انہوں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سامنے آئے یا نہ آئے، جمعیت علمائے اسلام موجودہ حالات میں ضرور اپنا کردار ادا کرے گی۔ ان کے مطابق جے یو آئی کسی دباؤ کے بغیر سیاسی میدان میں متحرک رہے گی اور عوامی مسائل پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے اتحاد سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ اتحاد کب تک برقرار رہ سکتا ہے، اس کا جواب انہی جماعتوں سے لیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں اتحاد اور اختلاف وقت اور مفادات کے مطابق بدلتے رہتے ہیں۔
مزید پڑھیں :تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان















