اسلام آباد (اے بی این نیوز) پیپلز پارٹی کے احتجاج کے بعد حکومت نے اسپیشل اکنامک زون ترمیمی آرڈیننس 2026 واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومت نے یہ آرڈیننس صدر مملکت کے دستخط کے بغیر جاری کیا تھا، جس پر اپوزیشن کی جانب سے شدید اعتراض کیا جا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے حکومت کو آرڈیننس واپس لینے کی ایڈوائس دی تھی، جس کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا۔ پیپلز پارٹی نے آرڈیننس کے اجرا پر نہ صرف احتجاج کیا بلکہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ بھی کیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ صدر کے دستخط کے بغیر آرڈیننس جاری کرنا آئینی خلاف ورزی ہے اور ایسے اقدامات پارلیمانی نظام کو کمزور کرتے ہیں۔آرڈیننس کی واپسی کو پیپلز پارٹی کی جانب سے عوامی اور پارلیمانی دباؤ کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ معاملے کو آئینی دائرے میں حل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں :نیپرا نے بجلی کا نیا بنیادی ٹیرف جاری کر دیا، مختلف صارفین کے لیے الگ الگ نرخ مقرر،جا نئے تفصیل















