اسلام آباد( اے بی این نیوز )محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے سے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم ہفتے کے اختتام پر موسم میں تبدیلی آنا شروع ہو جائے گی اور بادل چھا سکتے ہیں۔ آئندہ ہفتے کے دوران بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عام طور پر جنوری کے مہینے میں ہی سردی کی شدت بڑھتی ہے، جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے علاقوں میں دھند کے باعث سردی مزید محسوس کی جا رہی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 16 سے 25 جنوری کے دوران شدید یا تاریخی سردی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس عرصے میں کسی غیر معمولی سرد لہر کی پیش گوئی نہیں کی گئی۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
مزید پڑھیں :شیر افضل مروت پی ٹی آئی کے خلاف کھل کر سامنے آگئے،سہیل آفریدی کو نشانہ بنا ڈالا















