اہم خبریں

ملک بھر میں آٹا مزید مہنگا

اسلام آباد( اے بی این نیوز   )ملک بھر میں آٹے کی قیمتیں مزید بڑھنے سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بنیادی خوراک مہنگی ہونے پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آٹے کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ لاہور میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 50 روپے مہنگا ہو گیا، جس کے بعد اس کی قیمت بڑھ کر 1800 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی آٹے کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں۔ پشاور میں مکس آٹے کا 20 کلو تھیلا 2900 روپے جبکہ 20 کلو فائن آٹا 3000 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ مردان میں 20 کلو آٹے کی قیمت 3 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے، جس سے متوسط اور غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں صورتحال مزید تشویشناک ہے، جہاں 50 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزار روپے مزید مہنگا ہو گیا ہے۔ ڈیلرز کے مطابق صرف ایک ماہ کے دوران 50 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں مجموعی طور پر 2 ہزار روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔

فلور مل مالکان اور ڈیلرز کا کہنا ہے کہ گندم کے بحران، ذخیرہ اندوزی اور ترسیل کے مسائل کے باعث آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اقدامات کر کے گندم کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے، تاکہ مہنگائی سے ستائے عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔

مزید پڑھیں :پتنگ ساز کیسے رجسٹرڈ ہو نگے،کونسا ایپ مدد گار ثابت ہو گا،جا نئے تفصیلات

متعلقہ خبریں