اہم خبریں

پاکستان میں نئے کرنسی کے نوٹ تیار

اسلام آباد( اے بی این نیوز        )پاکستان میں نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، تاہم حتمی مرحلے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو وفاقی حکومت کی باضابطہ اجازت کا انتظار ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے نوٹوں کے ڈیزائن اور سکیورٹی فیچرز پر کام مکمل ہو چکا ہے، مگر اجرا کا فیصلہ کابینہ کی منظوری سے مشروط ہے۔

نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کا کہنا ہے کہ نئی کرنسی جدید، مؤثر اور عالمی معیار کے سکیورٹی فیچرز سے لیس ہوگی، جو جعلی نوٹوں کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوں گے۔ تاہم ادارے کو تاحال حتمی ڈیزائن موصول نہیں ہوئے۔

حکام کے مطابق جیسے ہی حکومت کی منظوری ملے گی، نئی کرنسی نوٹوں کی چھپائی کے عمل میں کم از کم دو ماہ درکار ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے جدید پرنٹنگ مشینری پہلے ہی موجود ہے، جس سے کام کی رفتار تیز رکھنے میں مدد ملے گی۔

سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے سینئر منیجر پرنٹنگ عامر شمس نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک اور سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے درمیان نئے کرنسی نوٹوں کی چھپائی سے متعلق تفصیلی مشاورت ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ابھی زیر غور ہے کہ نئی کرنسی مرحلہ وار متعارف کرائی جائے گی یا تمام مالیتوں کے نوٹ ایک ساتھ جاری کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک رواں سال نئی کرنسی کی چھپائی کے لیے باضابطہ ٹائم لائن جاری کر سکتا ہے، تاہم نئے ڈیزائن والے نوٹوں کا حتمی آرڈر وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی دیا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ڈیزائن شارٹ لسٹ کر کے حکومت کو ارسال کیے جا چکے ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ اگر کابینہ نے بروقت منظوری دے دی تو 2026 کے آخری مہینوں میں پاکستان میں نئے ڈیزائن والی کرنسی نوٹوں کا اجرا ممکن ہو سکتا ہے۔ یہ اقدام ملکی مالی نظام میں شفافیت اور سکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں :قومی اسمبلی کا اجلاس 23 جنوری تک جاری رکھنے کا فیصلہ

متعلقہ خبریں