پشاور ( اے بی این نیوز )خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائیوں کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے کی گئی ان کارروائیوں کو سیکیورٹی اداروں کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ شاہ کس بائی پاس روڈ پر واقع ناکے کلے کے قریب فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد مارے گئے۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد فورسز پر حملوں، قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور دیگر سنگین دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔دوسری جانب پشاور کے نواحی علاقے ٹپوسانو باچا قبرستان میں بھی سی ٹی ڈی نے ایک اور کارروائی کی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔سیکیورٹی حکام کے مطابق صوبے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور امن و امان کو خراب کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائے گی۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ان کارروائیوں کے بعد شہریوں نے سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا اور امن کے قیام کے لیے ان کے ساتھ بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
مزید پڑھیں :موسم سرما کی ، چھٹیاں ختم، یونیورسٹیاں اور کالجز کل سے کھلیں گے















