اہم خبریں

موسم سرما کی ، چھٹیاں ختم، یونیورسٹیاں اور کالجز کل سے کھلیں گے

لاہور ( اے بی این نیوز   )پنجاب بھر میں یونیورسٹیاں اور کالجز کل سے کھلیں گے۔ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور صوبے کے دیگر شہروں میں تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہونے جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے سوشل میڈیا پر واضح اعلان کر دیا ہے۔محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق تعطیلات میں توسیع صرف اسکولوں کے لیے کی گئی تھی، کالجز کے لیے نہیں۔ اسی وجہ سے سرکاری اور نجی کالجز کل سے کھلے رہیں گے اور تدریسی عمل معمول کے مطابق جاری ہوگا۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے کالجز میں چھٹیاں 19 جنوری تک بڑھانے کی اطلاع سامنے آئی تھی، جس کے بعد طلبہ اور والدین میں کنفیوژن پیدا ہو گئی تھی۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ چار سالہ بی ایس پروگرام اور امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔تازہ اعلان کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ کالجز کی تعطیلات میں کوئی توسیع نہیں کی گئی اور تمام کالجز کل سے کھلیں گے، جبکہ اسکولوں کے لیے سردی کے باعث چھٹیوں میں توسیع برقرار رہے گی۔سوشل میڈیا پر طلبہ کی جانب سے اس فیصلے پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

کچھ طلبہ نے تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے کو خوش آئند قرار دیا ہے، جبکہ بعض نے سرد موسم کے پیش نظر کالجز میں بھی چھٹیوں میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔محکمہ ہائر ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ تعلیمی نظام کو شیڈول کے مطابق چلانا ضروری ہے اور کسی بھی نئی صورتحال کی صورت میں بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں :ایران میں ہنگا مے کون کرا رہا ہے،اصل کردار سامنے آگئے،جا نئےاصل حقائق

متعلقہ خبریں