لاہور( اے بی این نیوز )پنجاب بھر میں سردی کی لہر مزید شدت اختیار کرنے والی ہے، پی ڈی ایم اے نے 16 جنوری تک شدید سردی کی پیشگوئی کر دی ہے۔ آج صبح لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس سے شہریوں کو سخت سردی کا سامنا کرنا پڑا۔رپورٹس کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں نہ صرف شدید سردی بلکہ برفباری کے بھی امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ سرد موسم کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے مختلف سرکاری محکموں کو الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
ٹورازم، ایجوکیشن، ہیلتھ، زراعت، لوکل گورنمنٹ، فاریسٹ، سی اینڈ ڈبلیو، ٹرانسپورٹ، ریسکیو 1122، نیشنل ہائی وے اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کو احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں دھند اور اسموگ کی صورتحال میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ طلبہ و طالبات کو سردی سے بچاؤ کے لیے مناسب لباس پہننے سے متعلق آگاہ کیا جائے اور کلاس رومز میں درجہ حرارت بہتر رکھنے کے انتظامات کیے جائیں۔
مزید پڑھیں :سہیل آفریدی کے گرد گھیرا تنگ،شکنجے میں کسنے کیلئے رپو رٹ منظر عام پر آگئی















