اہم خبریں

چینی مہنگی ہو گئی

لاہور ( اے بی این نیوز        )لاہور میں شوگر سیس کے نفاذ کے بعد چینی کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے نئے شوگر سیس کے اطلاق کے بعد اوپن مارکیٹ میں چینی فی کلو 10 روپے مہنگی ہو گئی ہے، جس سے صارفین پر مہنگائی کا نیا بوجھ پڑ گیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور میں چینی کی قیمت بڑھ کر 160 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، حالانکہ قیمت 150 روپے فی کلو ہونی چاہیے تھی۔ اضافے کے بعد 50 کلو چینی کا تھیلا 7 ہزار 500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ چینی کا ایکس مل ریٹ اس وقت 135 روپے فی کلو بتایا جا رہا ہے۔

کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں چینی وافر مقدار میں دستیاب ہے اور کسی قسم کی قلت موجود نہیں، اس کے باوجود قیمتوں میں اضافہ تشویش ناک ہے۔ تاجروں کے مطابق قیمتوں میں یہ اضافہ ٹیکس کے اثرات اور مارکیٹ رویے کا نتیجہ ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے یکم جنوری سے 40 کلو چینی پر 5 روپے شوگر سیس نافذ کیا ہے، جس میں سے ڈھائی روپے شوگر ملز جبکہ ڈھائی روپے کسان ادا کریں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ سیس کی رقم کم ہے، مگر اس کا اثر براہِ راست صارفین تک منتقل ہو رہا ہے، جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں :ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے دو افراد کے نام نکالنے کی منظوری،جا نئے کون ہیں

متعلقہ خبریں