اہم خبریں

پچاس ہزار ماہانہ انٹرن شپ حاصل کریں،جا نئے کون اہل اور کیسے اپلائی کیا جائے

لاہور ( اے بی این نیوز        ) نوجوانوں کے لیے بامعاوضہ انٹرن شپ حاصل کرنے کا بہترین موقع سامنے آ گیا ہے۔ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے طلبہ اور حالیہ گریجوایٹس کے لیے دو ماہ پر مشتمل پےڈ انٹرن شپ پروگرام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو عملی تجربہ فراہم کرنا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ انٹرن شپ پروگرام پانچ مختلف شعبوں میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ان شعبوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، آپریشنز اینڈ پلاننگ، فنانس اینڈ اکاؤنٹس، انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر (سول) اور مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن شامل ہیں۔ متعلقہ فیلڈز میں دلچسپی رکھنے والے امیدوار اس پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

اہلیت کے معیار کے حوالے سے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ امیدوار کے پاس ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ ادارے کی متعلقہ شعبے میں بیچلر ڈگری یا اس کے مساوی تعلیمی قابلیت ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ وہ طلبہ جو ابھی اپنی ڈگری مکمل کر رہے ہیں، وہ بھی درخواست دینے کے اہل ہیں، تاہم انہیں اپنی یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ ریفرنس لیٹر جمع کروانا ہوگا۔

ادارے کے مطابق منتخب ہونے والے انٹرنز کو دو ماہ کی مدت کے دوران 50 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ تاہم واضح کیا گیا ہے کہ یہ انٹرن شپ عارضی نوعیت کی ہوگی اور اس کے نتیجے میں مستقل ملازمت کا کوئی دعویٰ نہیں کیا جا سکے گا۔ کمپنی نے یہ بھی بتایا ہے کہ صرف شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں سے ہی مزید رابطہ کیا جائے گا۔

درخواست دینے کے خواہشمند امیدوار اپنا تازہ ریزیومے یا سی وی ای میل کے ذریعے [[email protected]](mailto:[email protected]) پر ارسال کر سکتے ہیں۔ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے مطابق انٹرن شپ پروگرام کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ ادارہ بغیر کسی وجہ کے کسی بھی درخواست کو قبول یا مسترد کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں :عازمین حج کیلئے لازمی قرار، وزارت حج کی اہم ہدایت آگئی ،جا نئے کیا

متعلقہ خبریں