اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) حج 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں وزارت مذہبی امور نے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے حج تربیتی ورکشاپ میں شرکت کو تمام عازمین کے لیے لازمی قرار دے دیا ہے۔ وزارت کے مطابق تربیتی سیشنز میں شرکت نہ صرف انتظامی تقاضا ہے بلکہ عازمین کو مناسکِ حج اور ضروری امور سے آگاہ کرنے کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ وہ عازمین حج جو ابھی تک تربیتی ورکشاپ میں شریک نہیں ہو سکے، وہ اپنے لیے مقررہ متبادل تاریخ اور مقام پر لازمی حاضری یقینی بنائیں۔ اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ حج تربیت کے پہلے مرحلے کا مکمل اور اپڈیٹ شدہ شیڈول پاک حج 2026 موبائل ایپ اور سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے، جہاں سے عازمین اپنے تربیتی سیشن کی تفصیلات آسانی سے حاصل کر سکتے ہیں۔
عازمین حج سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ شیڈول کے مطابق تربیت مکمل کریں تاکہ دورانِ حج مناسک کی ادائیگی، سفر، رہائش اور دیگر اہم ہدایات سے مکمل طور پر آگاہ رہ سکیں۔ ترجمان کے مطابق تربیتی ورکشاپ میں عدم شرکت کی صورت میں عازمین اپنی ذمہ داری پوری نہیں کریں گے، اس لیے متبادل انتظامات کے تحت تربیت حاصل کرنا لازمی ہے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات حج 2026 کے انتظامات کو مؤثر بنانے، عازمین کی سہولت اور بہتر تیاری کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ حجاج کرام یکسوئی اور آسانی کے ساتھ اپنے فرائض ادا کر سکیں۔
مزید پڑھیں :سولر انرجی کا مستقبل کیا،اہم پیش رفت سامنے آگئی ،جا نئے کیا















