راولپنڈی( اے بی این نیوز ) شیڈول سے زائد پارکنگ فیس وصول کرنے کے خلاف میونسپل کارپوریشن نے سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔ حالیہ کارروائی راجہ بازار پارکنگ میں سامنے آنے والے ایک واقعے کے بعد عمل میں لائی گئی، جہاں مقررہ 10 روپے کے بجائے شہریوں سے 50 روپے پارکنگ فیس وصول کی جا رہی تھی۔محکمہ میونسپل کارپوریشن کے مطابق زائد اور غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے میں ملوث شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ کارروائی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد کی گئی، جس میں شہریوں سے اضافی رقم وصول کیے جانے کے شواہد سامنے آئے تھے۔
سی ای او میونسپل کارپوریشن راولپنڈی علی عمران کا کہنا ہے کہ شہریوں سے غیر قانونی وصولی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام منظور شدہ پارکنگ ایریاز میں سرکاری نرخ نامے آویزاں کرنا لازمی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو اصل فیس سے آگاہی ہو اور کسی کو ناجائز فائدہ اٹھانے کا موقع نہ ملے۔
انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں پارکنگ ایریاز کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کہیں زائد پارکنگ فیس وصول کی جائے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا اور راولپنڈی میں غیر قانونی پارکنگ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔
مزید پڑھیں :سولر انرجی کا مستقبل کیا،اہم پیش رفت سامنے آگئی ،جا نئے کیا















