اسلام آباد( اے بی این نیوز )پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔او سی اے سی اور انڈسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں ملک بھر میں 8.16 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات فروخت ہوئیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 8.03 ملین ٹن کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہیں۔
دسمبر کے مہینے میں مجموعی طور پر 1.35 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات فروخت ہوئیں، جو نومبر کے 1.42 ملین ٹن کے مقابلے میں 5 فیصد کم جبکہ دسمبر 2024 کے 1.28 ملین ٹن کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں پٹرول کی فروخت 3.86 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.75 ملین ٹن کے مقابلے میں 3 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ دسمبر میں 0.63 ملین ٹن پٹرول فروخت ہوا، جو نومبر کے مقابلے میں 3 فیصد اور دسمبر 2024 کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت بھی ابتدائی چھ ماہ میں 3 فیصد اضافے کے ساتھ 3.57 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ 3.46 ملین ٹن تھی۔ تاہم دسمبر میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 0.55 ملین ٹن رہی، جو نومبر کے مقابلے میں 19 فیصد اور دسمبر 2024 کے مقابلے میں 4 فیصد کم ہے۔
فرنس آئل کی فروخت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں فرنس آئل کی فروخت 0.16 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 0.35 ملین ٹن کے مقابلے میں 54 فیصد کم ہے۔ البتہ دسمبر میں فرنس آئل کی فروخت 0.06 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی، جو نومبر کے مقابلے میں 130 فیصد اور دسمبر 2024 کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں :اسلام آباد میں سنیچنگ کی کامیاب واردات، ڈاکو فرار















