لاہور( اے بی این نیوز ) سرکاری اسپتالوں میں فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے نمائندوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ : محکمہ صحت پنجاب نے سرکاری اسپتالوں میں نظم و ضبط اور شفافیت برقرار رکھنے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے نمائندوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں میڈیکل ریپس کے داخلے پر مکمل پابندی نافذ کر دی گئی ہے، جس کا باضابطہ مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق اسپتال کی حدود میں میڈیکل ریپس کا داخلہ غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی ڈاکٹر کے کمرے سے میڈیکل ریپ پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پی آئی سی لاہور میں میڈیکل ریپس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وارننگ دینے کے بجائے میڈیکل ریپس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی، جبکہ سیکیورٹی اسٹاف اور اسپتال انتظامیہ کو فوری قانونی کارروائی کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے تمام سرکاری اسپتالوں کو ان ہدایات پر فوری عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے تمام پروفیسرز، ڈاکٹرز اور میڈیکل افسران کو میڈیکل ریپس سے مکمل لاتعلقی اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں :سونے کی اپ ڈیٹ آگئی،جا نئے فی تولہ کتنا سستا ہوا















