اہم خبریں

سپر لیگ ،ٹیموں کی نیلامی، پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری ہو رہی ہے، امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر

اسلام آباد ( اے بی این نیوز    ) امریکا کی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے پاکستانی قوم اور پاکستان سپر لیگ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کا عمل جاری ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان نہ صرف سفارتی روابط مزید بہتر ہوں گے بلکہ باہمی تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔

پی ایس ایل کی نئی ٹیم حیدر آباد کے مالک فواد سرور نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقین نہیں آتا کہ یہ خواب ہے یا حقیقت، مگر وہ اپنے خواب کو حقیقت بنتے دیکھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان سپر لیگ جیسے بڑے پلیٹ فارم کا حصہ بننا ان کیلئے باعثِ فخر ہے اور وہ اس موقع کو پاکستانی کرکٹ کے فروغ کیلئے استعمال کریں گے۔

نئی ٹیم سیالکوٹ کے مالک حمزہ مجید نے کہا کہ کرکٹ ہمارے خون میں شامل ہے اور ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ پاکستان کیلئے کچھ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سیزن 11 میں ٹائٹل جیتنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کی اسپورٹس انڈسٹری کو نئی ٹیم سے بڑا فائدہ ہوگا اور شہر کی عالمی پہچان مزید مضبوط ہو گی۔

حمزہ مجید کے مطابق کرکٹ ان کا جنون ہے اور وہ اس شعبے کیلئے بھرپور محنت کریں گے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کے پاس پہلے ہی ایئرپورٹ اور ایئر لائن تھی، اب کرکٹ ٹیم کا شامل ہونا شہر کیلئے ایک اور بڑی خوشخبری ہے۔

پی ایس ایل کی توسیع کو نہ صرف پاکستانی کرکٹ بلکہ ملکی معیشت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی روابط کیلئے بھی ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے آنے والے برسوں میں کھیل اور کاروبار دونوں شعبوں میں نئی سرگرمیوں کی توقع کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں :فتنہ الخوارج کو ہمسایہ ممالک کی سپورٹ حاصل ہے، وزیر اعظم شہبا ز شریف

متعلقہ خبریں