اہم خبریں

70 ہزار امام مساجد کیلئے 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ مقرر

لاہور(اے بی این نیوز) پنجاب حکومت نے 70 ہزار امام مساجد کیلئے 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ مقرر کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے علمائے کرام اور آئمہ مساجد میں اعزازیہ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ علما اور آئمہ کرام معاشرے میں رہنمائی کا اہم فریضہ انجام دیتے ہیں اور ان کا مقام منفرد اور قابلِ احترام ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ تمام علمائے کرام کو خوش آمدید کہتی ہیں۔ علما اور آئمہ کرام غم اور خوشی کے مواقع پر ہماری رہنمائی کرتے ہیں اور معاشرے میں اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو سب سے پہلے امام مسجد کی طرف دیکھا جاتا ہے، آئمہ کرام کی عزت کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں تمام مسالک کی تقریباً 80 ہزار مساجد ہیں اور حکومت کی جانب سے آئمہ کرام کو 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا، اب تک 70 ہزار آئمہ کے بینک اکاؤنٹس کھل چکے ہیں اور یہ ایک ارب 20 کروڑ روپے کا منصوبہ ہے، جس کے تحت فروری سے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اعزازیہ کی ادائیگی شروع کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اعزازیہ کارڈ کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کیا گیا، تاہم حکومت شفاف انداز میں یہ منصوبہ مکمل کر رہی ہے، مذہبی منافرت کو روکنا علمائے کرام کی بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے احتجاج کے نام پر ریاست کو یرغمال بنایا، مذہب کے نام پر فتنہ پھیلایا اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جلاؤ گھیراؤ اور فساد پھیلانا فتنہ نہیں تو اور کیا ہے، یہ فتنہ معاشرے کے لیے زہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب کی گاڑیوں کو جلایا گیا اور پرامن معاشرے کو تارتار کرنے کی کوشش کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی زمین ہر ظالم اور مافیا کے لیے تنگ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹریفک قوانین کی سختی پر لوگ خوش نہیں، تاہم ظالم کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست شہدا کے خون کا حساب ضرور لے گی اور دین کا نام استعمال کر کے فتنہ پھیلانا کھلی خیانت ہے۔

مزید پڑھیں۔نیتن یاہو کی کرپشن کا کیس سننے والا جج ٹریفک حادثہ میں ہلاک

متعلقہ خبریں