اسلام آباد (اے بی این نیوز )پاکستان بیت المال نے مستحق طلبہ کے لیے تعلیمی معاونت کی حد بڑھا کر ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ روپے کر دی ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ کیا اور پاکستان بیت المال کے تعلیمی معاونت پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے وزیر کو پروگرام کی پیشرفت، طریقہ کار اور طلبہ کو ملنے والی مالی معاونت کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم کو قومی ترقی میں ایک اہم سرمایہ کاری سمجھتی ہے اور وظائف کی فراہمی کے عمل کو زیادہ شفاف، مؤثر اور بروقت بنایا جا رہا ہے۔ مالی امداد براہِ راست یونیورسٹی کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جاتی ہے تاکہ میرٹ اور شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
سید عمران احمد شاہ نے واضح کیا کہ پروگرام کے تحت تمام صوبوں کے مستحق طلبہ کو کسی بھی سیاسی یا دیگر اختلاف سے متاثر ہوئے بغیر معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ 2022 سے 2025 کے دوران اس پروگرام کے تحت 16,956 کیسز منظور کیے گئے اور تقریباً 575 ملین روپے طلبہ کو فراہم کیے گئے۔ رواں مالی سال میں ایریڈ یونیورسٹی کے 107 طلبہ اس پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کم آمدنی والے گھرانوں کے طلبہ کو تعلیم کے میدان میں مضبوط سہارا فراہم کرتی رہے گی تاکہ کوئی بھی طالب علم محض مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر زراعت محمد عاشق حسین کرمانی کی تعلیمی و زرعی شعبے میں کوششوں کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ وفاق اور صوبوں کی مشترکہ کاوشیں طلبہ کی فلاح اور قومی ترقی کے عمل کو مزید مضبوط کریں گی۔
مزید پڑھیں :سیاسی عدم برداشت آج کھل کر سامنے آ چکی ہے،شفیع جان















