اہم خبریں

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو مکمل سیکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کیا جائے گا،حکومت سندھ

کراچی (اے بی این نیوز        )سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی ترجمان شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر مہمانوں کو سندھ میں مکمل عزت اور روایتی مہمان نوازی کے ساتھ ویلکم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اور نظریاتی فرق کے باوجود سندھ کی روایت ہے کہ آنے والے مہمانوں کا احترام کیا جاتا ہے اور یہ روایت برقرار رہے گی۔

شرجیل میمن نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ہمیشہ مہمانوں کی عزت کرتی آئی ہے اور عوام کیلئے ایک اچھے میزبان کا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پی ٹی آئی کی سیاست اور طرز حکمرانی پر سنجیدہ اعتراضات موجود ہیں، تاہم ان اختلافات کا مطلب یہ نہیں کہ مہمان نوازی کے اصولوں کو نظر انداز کیا جائے۔

انہوں نے طالبان اور دہشت گردی سے متعلق سابق حکومت کے اقدامات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان فیصلوں کے نتائج آج ملک خصوصاً خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں گرفتار دہشت گردوں کے معاملات پر بھی تحفظات موجود ہیں، جبکہ ملکی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے پر بھی شدید اعتراضات ہیں۔

شرجیل میمن نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنگین قومی مسئلہ ہے جس پر سنجیدہ اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام ہمیشہ مہمان نوازی کا خاص خیال رکھتے ہیں اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو مکمل سیکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کیا جائے گا۔ اسی طرح سہیل آفریدی کا بھی سندھ میں پروٹوکول کے مطابق استقبال کیا جائے گا اور انہیں سیکیورٹی کے ساتھ قانونی دائرے میں مکمل اجازت دی جائے گی۔شرجیل میمن کے مطابق سندھ کی عوام ہمیشہ اپنی روایات کے مطابق مہمانوں کو خوش آمدید کہتی ہے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت یا پس منظر سے ہو۔

مزید پڑھیں :قومی مذاکراتی کمیٹی کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا،جا نئے کیا

متعلقہ خبریں