اسلام آباد (اے بی این نیوز )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائرز کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یہ اہم ٹورنامنٹ 18 جنوری سے یکم فروری 2026 تک نیپال میں کھیلا جائے گا، جہاں 10 ٹیمیں ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کی چار کوالیفائنگ نشستوں کیلئے مقابلہ کریں گی۔
ٹورنامنٹ سے قبل ٹیموں کی تیاری کیلئے 14 اور 16 جنوری کو تین مختلف گراؤنڈز پر وارم اپ میچز رکھے گئے ہیں، تاکہ کھلاڑی میچ کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو سکیں۔
ایونٹ کے افتتاحی دن شائقین کو دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ پہلے دن نیپال کا مقابلہ تھائی لینڈ سے ہوگا جبکہ بنگلہ دیش اور امریکا آمنے سامنے آئیں گے۔ اسی روز دوسرے سیشن میں زمبابوے بمقابلہ نیدرلینڈز اور آئرلینڈ بمقابلہ پاپوا نیو گنی کے میچز کھیلے جائیں گے۔
اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا اپنی مہم کا آغاز 20 جنوری کو کریں گے۔ گروپ مرحلہ 26 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا، جس کے بعد ہر گروپ کی ٹاپ تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ یہی مرحلہ ورلڈ کپ 2026 تک رسائی کا فیصلہ کرے گا۔واضح رہے کہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 جون اور جولائی میں انگلینڈ اور ویلز میں منعقد ہوگا، جہاں دنیا کی بہترین ویمنز ٹیمیں عالمی اعزاز کے حصول کیلئے ایکشن میں نظر آئیں گی۔
مزید پڑھیں :علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد، وارنٹ گرفتاری جاری















