لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لاہور کے صوبائی حلقہ پی پی 167 کے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 167 میں ہونے والا ضمنی الیکشن بھی بائیکاٹ پالیسی کے زمرے میں آتا ہے اسی لیے پی ٹی آئی اس کا بائیکاٹ کرے گی، پاکستان تحریک انصاف پی پی 167 کے ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لے گی اور نہ ہی کسی امیدوار کی حمایت کرے گی۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 167 لاہور کے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر چکا ہے۔ای سی پی کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 167 لاہور کے ضمنی انتخاب پر پولنگ 4 فروری 2026 کو ہو گی، کاغذات نامزدگی 7 سے 9 جنوری تک وصول اور جمع کروائے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 12 جنوری 2026کو ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 22 جنوری تک دائر کی جا سکیں گی، اپیلوں پر سماعت 22 جنوری تک مکمل کی جائے گی، کاغذات نامزدگی23 جنوری کو واپس لیے جا سکیں گے جبکہ 24 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 167 لاہور کے ضمنی انتخاب میں ملک محمد شفیع کھوکھر ن لیگ کے امیدوار ہوں گے، مذکورہ نشست ان کے بیٹے رکن پنجاب اسمبلی ملک عرفان شفیع کھوکھر کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں۔















