سوات(اے بی این نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے منتخب ایم پی اے علی شاہ کی جانب سے ٹریفک پولیس اہلکار پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہو گئی۔
واقعہ بھرے بازار میں پیش آیا، جس کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ چکی ہے اور سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار عزت علی نے الزام عائد کیا ہے کہ ایم پی اے علی شاہ نے نہ صرف ان پر ہاتھ اٹھایا بلکہ تھپڑ مارے اور دھکے بھی دیے۔
وائرل ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایم پی اے کی جانب سے اہلکار کے ساتھ بدتمیزی کی جا رہی ہے اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کیخلاف نازیبا الفاظ بھی استعمال کیے گئے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے واقعے کو وردی کی تذلیل اور قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔
ٹریفک پولیس اہلکار عزت علی نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ داروں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی بھی اہلکار کو ایسے رویے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس واقعے کے بعد شہریوں میں گہری تشویش پائی جا رہی ہے، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر منتخب نمائندے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر تشدد کریں گے تو عام شہریوں کے تحفظ کا کیا بنے گا؟ سوشل میڈیا پر بھی یہ سوال زور پکڑ رہا ہے کہ کیا عوامی نمائندے قانون کے تابع ہیں یا خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں؟
تاحال متعلقہ حکام یا ایم پی اے علی شاہ کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم عوام اور پولیس حلقے شفاف تحقیقات اور سخت کارروائی کے منتظر ہیں۔
مزید پڑھیں۔جامعہ اشرفیہ کے مہتمم مولانا فضل الرحیم اشرفی انتقال کرگئے















