اسلام آباد ( اے بی این نیوز )علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے تعلیمی شعبے میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پہلی مرتبہ میٹرک سائنس پروگرام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت میٹرک سائنس میں داخلوں کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کو فاصلاتی نظامِ تعلیم میں سائنس مضامین کے فروغ کی جانب بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق میٹرک سائنس پروگرام چار سمسٹرز پر مشتمل ہوگا اور اسے خاص طور پر ایسے طلبہ کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو ملازمت یا دیگر مصروفیات کے باعث ریگولر تعلیمی اداروں میں داخلہ نہیں لے سکتے۔ اس پروگرام کے ذریعے پارٹ ٹائم تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کو سائنسی تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اس وقت میٹرک سے لے کر ماسٹرز سطح تک مختلف ڈگری پروگرامز میں داخلے جاری ہیں، جبکہ طلبہ کے لیے 9 مختلف ڈپلومہ پروگرامز بھی پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں مختلف پیشہ ورانہ اور تکنیکی شعبے شامل ہیں۔
میٹرک سائنس پروگرام سمیت تمام دستیاب پروگرامز میں داخلے جمع کروانے کی آخری تاریخ 10 فروری مقرر کی گئی ہے۔ امیدوار یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواستیں بھی جمع کرا سکتے ہیں، جس سے ملک بھر کے طلبہ کو سہولت فراہم کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں :سینکڑوں سرکاری ملازمین فارغ















