اہم خبریں

سال نو کی پہلی گرفتاری اور پہلی ایف آئی آر درج

کراچی،لاہور( اے بی این نیوز) کراچی میں سالِ نو 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی پولیس نے ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا۔ شہر میں سال نو کی پہلی گرفتاری عمل میں آ گئی، جہاں گلشنِ معمار پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزم ولی محمد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ جیسے خطرناک عمل میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سال نو کے آغاز پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ پولیس کے مطابق چنیسر گوٹھ میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہوا، جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے باعث مجموعی طور پر دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسی طرح کورنگی زمان ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ میں ملوث تین افراد کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں گشت بڑھا دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ادھر ملک کے مختلف شہروں میں سال نو کا استقبال آتش بازی کے ساتھ کیا گیا۔ لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور اور سکھر میں رنگا رنگ آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے خلاف متحرک رہے۔

لاہور میں شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے سال 2026 کی پہلی ایف آئی آر درج کی۔ پولیس کے مطابق ایس آئی عمران نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا، جسے قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔

پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جشن کے دوران قانون کا احترام کریں، ہوائی فائرنگ جیسے جان لیوا اقدامات سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ نئے سال کا آغاز محفوظ اور پرامن بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں :اے بی این نیوز کی جانب سےاہل وطن کو نیا سال مبارک ہو

متعلقہ خبریں