ڈیرہ مراد جمالی ( اے بی این نیوز)بارش کے باعث ڈیرہ مراد جمالی میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک گھر کی چھت گرنے سے ماں اور اس کے تین بچے جان کی بازی ہار گئے۔پولیس کے مطابق واقعہ نصیرآباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی کے لانگھہ محلہ میں پیش آیا۔ شدید بارش کے دوران محمد پناہ سولنگی کے گھر کی چھت اچانک منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود ماں اور تین بچے ملبے تلے دب گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ملبہ ہٹا کر جاں بحق افراد کی لاشیں نکالی گئیں، جنہیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔حادثے کے بعد علاقے میں غم اور سوگ کی فضا چھا گئی ہے، جبکہ اہلِ محلہ نے متاثرہ خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ چھت گرنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں :نئے سال کا آغاز ،پٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قیمتیں آگئیں،جانئے بڑا ریلیف ملنے جا رہا ہے















