اسلام آباد(اے بی این نیوز)اسلام آباد ٹریفک پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لین وائلیشن کرنے والے 616 موٹرسائیکل سواروں کو تھانوں میں بند کر کے سخت کارروائی کی ہے۔ پولیس نے بائیکرز کی غیر قانونی حرکتوں کو روکنے کے لیے 8 پکٹس قائم کر رکھے ہیں تاکہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ لین وائلیشن اور رانگ وے ڈرائیونگ روڈ یوزرز کے لیے انتہائی خطرناک اور جان لیوا ہے۔ اس کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لین وائلیشن اور رانگ وے ڈرائیونگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور غیر قانونی حرکتوں سے گریز کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ شہری کسی بھی اپ ڈیٹ کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا پکار 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں۔سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیمین مارٹن کومہ میں چلے گئے















