اہم خبریں

اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں کا دھرنا،پولیس کی پیش قدمی،علیمہ خان کا ڈٹے رہنے کا اعلان

راولپنڈی ( اے بی این نیوز   ) اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے دن سکیورٹی صورتحال کشیدہ ہو گئی، جہاں ان کی بہنوں کی جانب سے دیا گیا دھرنا چار گھنٹوں سے جاری رہا۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں کارکنان کے ہمراہ فیکٹری ناکے کے مقام پر موجود رہیں، جبکہ پولیس کی بھاری نفری اڈیالہ جیل اور اطراف کے علاقوں میں تعینات کر دی گئی۔

راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ روڈ پر دھرنا ختم کرانے کے لیے پیش قدمی کی، جس کے بعد پولیس نفری آگے بڑھتے ہی دھرنے میں شامل متعدد شرکاء منتشر ہو گئے۔ اس موقع پر علیمہ خان اور بانی پی ٹی آئی کی دیگر بہنوں نے اڈیالہ روڈ سے ہٹنے سے انکار کر دیا۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو کہا جا رہا ہے کہ یہاں سے چلے جائیں، لیکن ہم یہاں سے نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جو چاہے کر لے، ہم اپنا مؤقف نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم یہاں اکیلی بھی رہیں تو ہمارے ساتھ کچھ نہیں کیا جائے گا۔

پولیس کی مسلسل پیش قدمی کے باعث کارکنوں کی بڑی تعداد فیکٹری ناکے سے دور ہٹ گئی، تاہم چند کارکنوں نے بہنوں کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ اور نورین نیازی سڑک سے فٹ پاتھ پر آ گئیں، جہاں چند خواتین کارکنان ان کے ساتھ موجود رہیں۔

مزید پڑھیں :حکومت اور اپوزیشن میں رابطہ ہو گیا،بڑا بریک تھرو؟اہم نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان

متعلقہ خبریں