مری ( اے بی این نیوز )مری اور گردونواح میں بارش اور برفباری کے امکانات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ موسم کی ممکنہ خرابی کے باعث انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ڈی پی او مری کا کہنا ہے کہ سیاح مری آنے سے پہلے موجودہ موسمی صورتحال اور روڈ کنڈیشن سے مکمل آگاہی حاصل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ موسم کی شدت کے دوران غیر ضروری سفر مؤخر کیا جائے۔
چیف ٹریفک آفیسر مری کے مطابق برفباری والے علاقوں میں سفر کے دوران گاڑیوں میں ٹائر چین کا استعمال لازمی ہے۔ بغیر ٹائر چین کے گاڑی چلانا نہ صرف خطرناک بلکہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ڈی پی او مری نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیاح گاڑیوں کے ٹائروں میں ہوا کا پریشر معمول سے کم رکھیں اور فیول ٹینک مکمل فل رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ گاڑی میں ضروری سامان اور گرم کپڑوں کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی پریشانی، ہنگامی صورتحال یا مشکل کی صورت میں سیاح فوری طور پر قائم کیے گئے سہولت مراکز سے مدد حاصل کریں۔ انتظامیہ اور ریسکیو ادارے مکمل الرٹ ہیں اور سیاحوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انتظامیہ نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ مری میں قیام محفوظ، خوشگوار اور یادگار بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں :حارث رؤف کو حادثہ پیش















