اسلام آباد (اے بی این نیوز ) سال 2025 عالمی تاریخ میں ایک ایسے سال کے طور پر یاد رکھا جائے گا جس میں سیاسی کشیدگی، مسلح تنازعات، معیشتی بحران اور سماجی تحریکیں نمایاں رہی۔2025 کے 10 اہم عالمی واقعات کچھ اس طرح رونما ہو ئے
1۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت میں واپسی
جنوری میں ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ صدر منتخب ہوئے، جس کے بعد امریکا میں داخلی و خارجی پالیسیوں میں سخت رویے سامنے آئے اور سیاسی تقسیم شدت اختیار کر گئی۔
2۔ عالمی تجارتی جنگ کا پھیلاؤ
امریکا نے مختلف ممالک پر اضافی محصولات عائد کیے، جن میں چین اور یورپی یونین شامل تھے، جس سے عالمی معیشت میں عدم استحکام پیدا ہوا۔
3۔ غزہ میں نازک جنگ بندی
دو سالہ شدید جنگ کے بعد امریکا اور اقوام متحدہ کی کوششوں سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی عمل میں آئی، مگر انسانی بحران جاری رہا۔
4۔ یوکرین جنگ کی ناکام سفارتی کوششیں
روس اور یوکرین کے درمیان براہِ راست مذاکرات کے باوجود جنگ بندی ممکن نہ ہوئی اور میدانِ جنگ میں جھڑپیں جاری رہیں۔
5۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان فوجی تصادم
مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں دہشتگردانہ حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان چند روز کے فوجی تصادم ہوئے، جو بعد میں جنگ بندی پر ختم ہوئے، مگر کشیدگی برقرار رہی۔
6۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روزہ جنگ
جون میں اسرائیل نے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جبکہ ایران نے اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے کیے۔ بعد میں عارضی جنگ بندی ہوئی۔
7 ۔ نئے پوپ لیو چہاردہم کا انتخاب
11 اپریل کو پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد رابرٹ پریوسٹ پہلے امریکی پوپ منتخب ہوئے، جنہوں نے سماجی انصاف، غریبوں کے حقوق اور ماحولیاتی تحفظ کو ترجیحات میں شامل کیا۔
8 ۔ جنریشن زی کی عالمی احتجاجی تحریکیں
ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکا میں نوجوانوں نے مہنگائی، بدعنوانی اور سیاسی ناانصافی کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیے، بعض ممالک میں حکومتیں عدم استحکام کا شکار ہوئیں۔
9۔ مصنوعی ذہانت میں بے مثال سرمایہ کاری
دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت پر کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، جس سے ترقی کے نئے مواقع تو کھلے، مگر بے روزگاری اور اخلاقی مسائل پر بھی خدشات بڑھ گئے۔
10۔ ریکارڈ توڑ موسمی آفات
شدید طوفان، سیلاب، ہیٹ ویوز اور جنگلاتی آگ نے دنیا کے مختلف حصوں میں تباہی مچائی، جسے ماہرین موسمیاتی تبدیلی کا براہِ راست نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں :2025 آزما ئشوں اور مواقعوں کا سال رہا، جنوری اور فروری میں کیا کھویا کیا پایا،جا نئے















