اہم خبریں

شکرپڑیاں میں منعقدہ میوزیکل نائٹ میں فائرنگ ،ایک شہری جاں بحق

اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی دارالحکومت کے تفریحی مقام شکرپڑیاں (Shakarparian)میں منعقدہ میوزیکل نائٹ کے دوران فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہو گیا، جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ واقعے پر اسلام آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تھانہ آبپارہ میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ مقتول کے کزن عمران اللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں چار ملزمان صدر اسلام، اسحاق، رضوان اور سوار خان کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتول سمیع اللہ اپنے دوستوں کے ہمراہ سیر و تفریح کی غرض سے شکرپڑیاں آیا تھا، جہاں میوزیکل نائٹ کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر اسے نشانہ بنا کر فائرنگ کر دی۔

درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے سمیع اللہ پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق فائرنگ کے بعد مقتول کو شدید تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ گزشتہ رات گئے پیش آیا، جس سے وہاں موجود شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ایک پولیس کانسٹیبل غلام حسنین بھی زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

آبپارہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے بھی تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

مزید پڑھیں۔ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج (پیر) کا دن کیسا رہے گا ؟

متعلقہ خبریں