اہم خبریں

عوام میں خوف اور غیر یقینی صورتحال بڑھ گئی ہے،مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

اسلام آباد (اے بی این نیوز    ) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ عوام میں خوف اور غیر یقینی صورتحال بڑھ گئی ہے اور فارم 45 کے بعد بھی معاملات واضح نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے ہر کسی کا حق ہے، مگر تشدد اور دھمکی قابل قبول نہیں، اور اگر کوئی عناصر فضا خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تو ان سے لاتعلقی ہونی چاہیے۔

مزمل اسلم نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ قانون اور مذاکرات پر یقین رکھتے تھے اور دھمکی آمیز زبان پارٹی کی پالیسی نہیں ہو سکتی، ممکن ہے یہ فالس فلیگ عناصر ہوں جو صورتحال خراب کر رہے ہیں۔ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مختلف آرا موجود ہیں، اور اگرچہ اس میں خامیاں ہو سکتی ہیں، یہ فیصلہ ملکی معیشت کے لیے ضروری تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے پر سالانہ 40 سے 50 ارب روپے کا خسارہ تھا اور مجموعی قومی خسارہ 878 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ ریاست نے پی آئی اے میں 125 ارب روپے اپنے پاس رکھے۔ نجکاری ملک کی معیشت کو درست سمت میں لے جانے میں مدد دے گی اور قومی مفاد میں مشکل فیصلے ناگزیر ہو چکے ہیں۔وہ اے بی این نیوز کے پروگرام ’’ڈیبیٹ@8‘‘ میں گفتگو کر رہے تھے،انہوں نے کہا

مزمل اسلم نے کہا کہ گزشتہ 75 سے 78 سال میں قوم کو بہت پیچھے دھکیل دیا گیا، ملک میں غربت کی شرح 45 فیصد تک پہنچ گئی، بے روزگاری عوام کی زندگی اجیرن بنا رہی ہے اور عدالتی نظام عالمی رینکنگ میں 130 نمبر پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام ووٹ دیتی ہے مگر اس ووٹ کو تسلیم نہیں کیا جاتا، ماضی میں کئی بار نجکاری کی کوششیں ناکام رہیں، اب اگر نجکاری ہو گئی ہے تو اسے ذاتی کامیابی نہ بنایا جائے۔مزمل اسلم نے واضح کیا کہ خسارے میں چلنے والے اداروں کی اصلاح ناگزیر ہے، نجکاری سے فائدہ ہو سکتا ہے مگر احتساب بھی ضروری ہے اور قوم کو اصل سوالات پوچھنے کا حق حاصل ہے۔

مزید پڑھیں :عمران خان کے جیل میں شب و روز،کیا باتیں اور کس سےکرتے ہیں،کھانا کیسا ملتا ہے،اب جیل کے کس حصہ میں ہیں، انجینئر محمد علی مرزا کے انکشافات

متعلقہ خبریں