اہم خبریں

سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، چار بھارتی سپانسرڈ خوارج ہلاک

قلات(اے بی این نیوز    )سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران چار بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ یہ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز مادر وطن سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع قلات میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے چار بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خاتمے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی مداخلت کے نتیجے میں ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی اور ریاست دشمن عناصر کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی آپریشن میں چار خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی جرات مندانہ کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کو ہر قسم کی دہشتگردی سے پاک کرنے کے عزم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے خوارجیوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے فورسز کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں اسی عزم اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔

مزید پڑھیں :احسن اقبال کے بعد شیر افضل مروت کا بھی لائیو شو اچانک روکنا پڑگیا،جا نئے ایسی کیا انہونی ہو گئی

متعلقہ خبریں