اہم خبریں

مظفرآباد میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کینسر ہسپتال کا افتتاح کر دیا

مظفر آباد (اے بی این نیوز    )مظفرآباد میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکالوجی اینڈ ریڈیالوجی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور ادارے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں کینسر کی تشخیص اور علاج کے لیے نصب کی گئی جدید مشینری، طبی سہولیات اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم نے مظفرآباد میں میرواعظ مولوی محمد فاروق شہید میڈیکل کالج کا بھی باضابطہ افتتاح کیا۔ یہ جدید کینسر ہسپتال آزاد کشمیر کا پہلا ادارہ ہے جو کینسر کی تشخیص اور علاج کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے، جس سے مقامی آبادی کو اعلیٰ طبی سہولیات فراہم ہوں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایسے شاندار ادارے کا افتتاح کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں اور انہیں بخوبی احساس ہے کہ وسائل سے محروم افراد کے لیے کینسر جیسے مہلک مرض کا علاج کس قدر مشکل ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جان لیوا بیماری میں مبتلا مریضوں کا علاج کرنا انسانیت کی بڑی خدمت ہے۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ وہ خود بھی کینسر جیسے موذی مرض کا سامنا کر چکے ہیں، اسی لیے وہ مریضوں کے درد اور مشکلات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید کینسر ہسپتال کے قیام سے وہ مریض جو علاج کے لیے دیگر شہروں کا رخ کرنے پر مجبور تھے، اب انہیں مقامی سطح پر معیاری اور جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی، جو آزاد کشمیر کے لیے ایک بڑی پیشرفت ہے۔

مزید پڑھیں :احسن اقبال کے بعد شیر افضل مروت کا بھی لائیو شو اچانک روکنا پڑگیا،جا نئے ایسی کیا انہونی ہو گئی

متعلقہ خبریں