اہم خبریں

سردی کی شدت میں آئندہ ہفتہ سے اضافہ،بارشوں اور برفباری کی پیشین گوئی،لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

اسلام آباد ( اے بی این نیوز     )محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔ پیشگوئی کے مطابق مغربی ہواؤں کا طاقتور سسٹم 29 دسمبر کی رات ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ 2 جنوری تک جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 29 سے 31 دسمبر کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، جبکہ 30 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران خیبرپختونخوا میں بارش کے ساتھ برفباری کے امکانات ہیں۔ اسی طرح 30 دسمبر سے 2 جنوری کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی شدید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد، مری اور گلیات میں 30 دسمبر سے 2 جنوری کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔ شدید موسمی صورتحال کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب بارشوں کے اس سلسلے کے بعد پنجاب اور بالائی سندھ میں جاری دھند کی شدت میں نمایاں کمی آنے کا امکان ہے، جس سے معمولاتِ زندگی میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موسمی صورتحال سے متعلق تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

مزید پڑھیں :

متعلقہ خبریں