اہم خبریں

پی ٹی آئی سے مذاکرات،ایاز صادق نے نئی پیشکش کر دی،جا نئے کیا

اسلام آباد (  اے بی این نیوز      ) اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے واضح کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) موجودہ سیاسی سیٹ اپ میں طویل المدتی حکمتِ عملی کے تحت آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان تحریکِ انصاف واقعی مذاکرات کی خواہاں ہے تو اسے پارلیمنٹ کے اندر آنا ہوگا، کیونکہ سیاسی ڈائیلاگ کا اصل فورم اسمبلی ہی ہے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ انہیں 28ویں آئینی ترمیم سے متعلق کوئی باضابطہ معلومات نہیں، تاہم حکومت اور اتحادی جماعتیں نظام کو استحکام دینے کے لیے یکسو ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پارلیمانی سیاست کے بغیر کسی بھی قسم کی مفاہمت ممکن نہیں۔

اس موقع پر مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ سیاسی اختلافات کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جائے، مگر بانی پی ٹی آئی ابتدا ہی سے سیاسی بات چیت پر آمادہ نظر نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تمام جماعتوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ایاز صادق اور رانا ثناءاللہ اس سے قبل گڑھی خدا بخش میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری کے لیے پہنچے جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور ان کی جمہوری جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ملک میں سیاسی درجہ حرارت ایک بار پھر بڑھتا دکھائی دے رہا ہے اور مذاکرات سے متعلق بحث زور پکڑ رہی ہے۔

مزیدپڑھیں :جا نئے کون کون سے یورپی ممالک میں شہریت آسانی سے حاصل کی جا سکتی ہے

متعلقہ خبریں