راولپنڈی ( اےبی این نیوز ) عمران خان نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سنائے گئے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے اپیلیں تیار کر لی گئی ہیں جو پیر کے روز دائر کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق اپیلیں بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دائر کی جائیں گی جن میں عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے ایسے گواہوں کے بیانات پر انحصار کیا جو ناقابلِ اعتبار تھے، جبکہ استغاثہ الزامات ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایک ہی جرم پر متعدد سزائیں دینا قانون کے خلاف ہے اور اسپیشل سینٹرل عدالت کو اس کیس کی سماعت کا اختیار ہی حاصل نہیں تھا۔ اپیل میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ صہیب عباسی کو غیر قانونی طور پر وعدہ معاف گواہ بنایا گیا، جبکہ بلغاری سیٹ توشہ خانہ قوانین کے مطابق رکھا گیا تھا۔
مزید کہا گیا ہے کہ مقدمہ بغیر کسی مؤثر تفتیش کے قائم کیا گیا جو سیاسی انتقام کی عکاسی کرتا ہے۔ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی سرکاری ملازم کی قانونی تعریف میں نہیں آتے، اس لیے ان کے خلاف یہ کارروائی قانون کے دائرے میں نہیں آتی۔ فیصلے کو چیلنج کرنے کے اعلان کے بعد سیاسی حلقوں میں اس کیس پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں :سہیل آ فریدی کابڑا چیلنج















