اسلام آباد(اے بی این نیوز)اسلام آباد میں شاہین چوک انڈر پاس کی تعمیر کے باعث اہم شاہراہ کی بندش نے تعلیمی سرگرمیوں کو بھی متاثر کر دیا۔
شہر کی بڑی جامعات، بحریہ یونیورسٹی اور ایئر یونیورسٹی، میں شیڈول امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد طلبہ میں بے چینی اور غصہ پایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بحریہ یونیورسٹی اور ایئر یونیورسٹی کے طلبا کو ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کیا گیا کہ 27 اور 28 دسمبر کو ہونے والے امتحانات مؤخر کر دیے گئے ہیں۔
پیغامات میں بتایا گیا کہ شاہین چوک کے اطراف رسائی محدود ہونے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان کے ذریعے کیا جائے گا۔
تاہم جامعات کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، جس سے طلبہ میں مزید کنفیوژن پھیل گئی ہے۔ کئی طلبہ کا کہنا ہے کہ اچانک امتحانات ملتوی ہونے سے ان کی تیاری متاثر ہوئی ہے اور خدشہ ہے کہ اس سے سمسٹر بریک بھی تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔
یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی ہے جب شاہین چوک انڈر پاس منصوبہ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ یہ منصوبہ 9ویں ایونیو اور خیابانِ اقبال کے سنگم پر واقع ہے، جہاں طویل عرصے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے اور متبادل راستوں کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
چند روز قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کا دورہ کیا اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ کام میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔ حکام کے مطابق انڈر پاس کا زیادہ تر ڈھانچہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ سڑک کی کارپٹنگ اور فِنشنگ کا کام جاری ہے۔
سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ انڈر پاس کو آئندہ ہفتے افتتاح کے لیے تیار کر لیا جائے گا، جس کے بعد اسلام آباد کے اس مصروف ترین علاقے میں ٹریفک کے دیرینہ مسائل میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں۔اداکارہ نادیہ خان کو بیٹے کے ساتھ بھارتی گانے پر ڈانس کرنا مہنگا پڑگیا















