لاہور (اے بی این نیوز )لاہور اور سیالکوٹ کو ملانے والی موٹروے ایم-11 شدید دھند کے باعث عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث یہ فیصلہ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
سنٹرل ریجن کے ترجمان نے بتایا کہ دھند کے دوران حادثات کے خطرات میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، اسی لیے موٹرویز کی بندش ایک حفاظتی اقدام ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو دن کے اوقات میں روانگی کو ترجیح دیں، کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ سمجھا جاتا ہے۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں، رفتار کم رکھیں، لین ڈسپلن کی پابندی کریں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ حکام کے مطابق احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کی صورت میں حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال یا رہنمائی کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 فعال ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور موسم بہتر ہوتے ہی موٹروے کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں :پی ٹی آئی حکومت مذاکرات، اپوزیشن نےکمیٹی تشکیل دے دی ،جا نئے کون کون شامل















