اہم خبریں

بند کرو اسے، لائیو شو کے دوران احسن اقبال کے ساتھ ناخوشگوار واقعہ

اسلام آباد(اے بی این نیوز)براہ راست ٹی وی نشریات کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال کی ویڈیو کال اچانک منقطع ہو گئی، جس سے ناظرین اور میزبان دونوں حیران رہ گئے۔

احسن اقبال پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات سے متعلق گفتگو کر رہے تھے اور بذریعہ ویڈیو کال پروگرام میں شریک تھے کہ رات 11 بج کر 16 منٹ پر اچانک ایک نامعلوم شخص وہاں آیا۔

احسن اقبال نے بات کرتے ہوئے نظریں اٹھا کر اس شخص کو دیکھا، اسی دوران اس کی آواز سنائی دی کہ بند کرو، بند کرو اسے۔ اس کے بعد اس شخص نے موبائل فون پر جھپٹنے کی کوشش کی، تاہم احسن اقبال نے ہڑبڑاہٹ میں فون اٹھایا اور ویڈیو کال منقطع ہو گئی۔

اچانک پیش آنے والے اس واقعے سے پروگرام اینکر بھی پریشان نظر آئے۔ انہوں نے لائیو نشریات کے دوران سوال اٹھایا کہ آیا احسن اقبال اپنے گھر سے پروگرام میں شریک تھے اور اپنی ٹیم کو معاملے کی تفصیلات معلوم کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے بعد پروگرام وقفے پر چلا گیا۔

تقریباً سات منٹ بعد پروگرام اینکر دوبارہ نشریات میں واپس آئے، تاہم اس موقع پر احسن اقبال کے واقعے پر کوئی بات نہیں کی گئی۔ وقفے کے بعد پروگرام کے مہمان بھی تبدیل ہو چکے تھے اور احسن اقبال نے شو کو دوبارہ جوائن نہیں کیا۔

بعد ازاں رات 11 بج کر 46 منٹ پر احسن اقبال نے پروگرام دوبارہ جوائن کیا۔ نجی پروگرام کے سوال پر انہوں نے مختصر جواب دیا کہ ذرا کوئی مسئلہ ہو گیا تھا، لیکن اب سب ٹھیک ہے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں بتایا کہ انہوں نے بھی احسن اقبال سے بات کی ہے، ان کے مطابق بچے اچانک اسٹڈی روم میں دوڑتے ہوئے آ گئے تھے، تاہم اب سب کچھ ٹھیک ہے اور احسن اقبال نے پروگرام دوبارہ جوائن کر لیا ہے۔

مزید پڑھیں۔

متعلقہ خبریں