اہم خبریں

ہم خوشامدی سیاست کے قائل نہیں ہیں، مولانا فضل الرحمان

سکھر (اے بی این نیوز         )جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہماری پاکستان سے وفاداری اور دوستی پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے، اسے تسلیم کیا جائے۔ اگر کسی ادارے یا حکمران سے غلطی ہوگی تو ہم اسے غلط کہنے سے گریز نہیں کریں گے کیونکہ ہم خوشامدی سیاست کے قائل نہیں ہیں۔سکھر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم سے یہ توقع نہ رکھی جائے کہ غلط بات پر ’’واہ واہ‘‘ کریں۔ پاکستانی مسلمان جرات، اصول اور حق گوئی کے ساتھ سیاست کرتے ہیں اور ہم حق بات کھل کر کہنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہماری سیاسی اور فکری جدوجہد کا مقصد پاکستان کو مکمل اسلامی ریاست بنانا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علم کے بغیر انسان اور حیوان میں کوئی واضح فرق باقی نہیں رہتا۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض مسلم حکمران خود دینی مدارس کے خلاف اقدامات کرتے ہیں اور انہیں بند کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں، جو نہایت تشویشناک عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغرب میں محض مسلمان ہونا بھی بعض رہنماؤں کے لیے خوف کی علامت بن جاتا ہے، جبکہ لندن میں مسلمان میئر صرف انتظامی اور ترقیاتی امور تک محدود اختیارات رکھتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شریعت کے نام پر نفرت پھیلانا دراصل اسلام سے نفرت کا اظہار ہے، اور اگر کوئی اسلام اور شریعت سے نفرت کرے گا تو ہم اس نفرت کو مکمل طور پر مسترد کریں گے۔انہوں نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ قوم اور امت میں مقبول ہونا چاہتے ہیں تو مغرب کی اندھی تقلید کے بجائے اسلام کی پیروی کریں، کیونکہ حقیقی کامیابی اسی راستے میں ہے۔

مزید پڑھیں :26 دسمبر کو چھٹی،باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا

متعلقہ خبریں