لاہور( اے بی این نیوز ) پنجاب حکومت صوبے بھر کے اساتذہ کے لیے نئی الیکٹرک بائیک اسکیم متعارف کروانے کی تیاریاں کر رہی ہے تاکہ اساتذہ کو سفری سہولت فراہم کی جا سکے اور ان کے روزمرہ اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔صوبائی حکام کے مطابق اس اسکیم کے تحت اساتذہ ابتدائی قسط ادا کر کے بائیک حاصل کر سکیں گے، جبکہ بقیہ ادائیگیاں آسان اقساط میں تعلیمی اداروں کی سطح پر ایڈجسٹ کی جائیں گی تاکہ مالی بوجھ کم سے کم ہو۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر خواتین اساتذہ کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جس کے تحت سرکاری شعبے میں خدمات انجام دینے والی خواتین اساتذہ کو مفت اسکوٹیاں فراہم کرنے کی تجویز شامل ہے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت اساتذہ کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور خواتین اساتذہ کو سفری سہولت دینا ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اہم قدم ہے۔
حکام کے مطابق یہ سہولت ان خواتین اساتذہ کے لیے ہوگی جو سرکاری تعلیمی اداروں میں خدمات انجام دے رہی ہیں اور مقررہ سروس معیار پر پورا اترتی ہیں۔ اسکیم کی حتمی منظوری اور طریقہ کار سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے لیے ایسی فلاحی اسکیمیں تعلیمی معیار بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اساتذہ کے مسائل کے حل میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔
مزید پڑھیں :25 دسمبر،بینکوں کیلئے اہم اعلان،جا نئے کیا















