اہم خبریں

9 مئی کے واقعات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا ،وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ

اسلام آباد ( اے بی این نیوز       )وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے اے بی این نیوز کے پروگرام ’’ڈیبیٹ @8‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کار ہم سے لانگ ٹرم پالیسیوں کے بارے میں سوال کرتے ہیں، کیونکہ بار بار حکومتوں کی تبدیلی سے ملکی پالیسیاں تبدیل نہیں ہونی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر ایک جامع لانگ ٹرم چارٹر آف اکانومی بنانا ہوگا۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ سات آٹھ سال کی طویل بحث کے باوجود ملک کو کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں ہو سکا، اصل سوال یہ ہے کہ آیا ان پالیسیوں سے ملک نے واقعی ترقی کی یا نہیں۔ انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی ادارے کو تسلیم نہیں کرتے، نہ الیکشن کمیشن کو مانتے ہیں اور نہ ہی اسمبلی کو۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ 9 مئی کے واقعات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا اور قانون توڑنے والوں کا احتساب ضرور کیا جائے گا، تاہم سیاسی معاملات پر بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک ہی قوم ہیں اور ملک کی فلاح چاہتے ہیں، سب کی خواہش ہے کہ عوام کو تعلیم، روزگار اور خوشحالی ملے۔

انہوں نے کہا کہ برسوں سے سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر تنقید میں وقت ضائع کرتی رہی ہیں جبکہ اسمبلی میں ملکی بہتری اور پالیسی سازی پر کم وقت صرف کیا جاتا ہے اور زیادہ وقت الزام تراشی اور اختلافات کی نذر ہو جاتا ہے۔ ان کے مطابق اب وقت آ گیا ہے کہ سیاست سے بالاتر ہو کر ملک کے لیے سوچا جائے۔

قیصر احمد شیخ نے آئی ایم ایف پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب کے سامنے ہے اور اس کے تحت تقریباً 70 سخت شرائط عائد کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بیوروکریسی کا نظام برسوں سے نہیں بدلا، فیصلہ سازی کا فقدان ہے اور نیب کے خوف کی وجہ سے افسران فیصلے کرنے سے کتراتے رہے، جس کے نتیجے میں فائلیں پھنسی رہتی ہیں، وقت ضائع ہوتا ہے اور لاگت بڑھ جاتی ہے۔
مزید پڑھیں :حکومت نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی مشروط پیشکش کردی،جا نئے شرط بارے

متعلقہ خبریں