اہم خبریں

بارش کا سلسلہ شروع ، بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ

مظفر آباد (اےبی این نیوز       ) مظفرآباد اور اس کے گرد و نواح میں طویل خشک سالی کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ وادی نیلم میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب پہنچ گیا ہے۔

مسلسل برف باری کے سبب وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ کئی رابطہ سڑکیں جزوی طور پر بند ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسافروں اور مقامی افراد کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

برف باری کے باعث بجلی اور مواصلاتی نظام متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ سرد ہواؤں نے سردی کی شدت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور متعلقہ محکموں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وادی نیلم میں برف باری کا نیا سپیل جاری رہنے کی پیش گوئی کے باعث شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، گرم لباس کے استعمال اور سفر سے قبل سڑکوں کی صورتحال معلوم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ شائقینِ موسم کے لیے یہ مناظر خوشگوار ہیں، تاہم روزمرہ زندگی پر اس کے اثرات بھی واضح طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔

مزیدپڑھیں :ڈی چوک کی ریلی کے حوالے سے گورنر کے پی نے نیا مسئلہ کھڑا کر دیا جا نئے کیا

متعلقہ خبریں