ایبٹ آباد (نیوز ڈیسک)مسلم لیگ(ن) خیبر پختونخوا کے صدر مشیر وزیر اعظم انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ پاکستان وینٹی لیٹر پر پڑا ہوا تھا۔ اگر عمران خان دو ماہ اور رہتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا۔اب ملک میں دوبارہ استحکام عمران خان کو ہضم نہیں ہو رہا ہے۔ان کے کارکن بھی جان چکے ہیں عمران خان جھوٹا شخص ہے۔ایک طرف وزیر اعلی نے غریب صوبہ کے پیسے دھرنوں پر لگا دیئے دوسری طرف میڈیا انفلوئنسر پر قوم کے پیسے خرچ کئے جا رہے ہیں تاکہ جھوٹ کو پھیلایا جا سکے۔وہ ہفتہ کو یہاں ایبٹ آباد میں پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔کنونشن سے مسلم لیگ(ن)خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری مرتضی جا وید عباسی،ضلع ایبٹ آباد کے صدر ملک محبت اعوان،رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ،سابق رکن صوبائی عنایت اللہ خان جدون،ارشد اعوان،آمنہ سردار اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔انجینئر امیر مقام کا کہنا تھاکہ عمران خان نے دوسرے پر الزامات لگانے کے علاوہ اور کچھ نہیں کیا۔مسلط شدہ سے کہتے ہیں‘شوق سے گھر جائیں۔خیبر پختون خوا اور پنجاب سے استعفے دیں تاکہ قوم کو ان سے نجات مل جائے۔قوم خوشی منائے گی۔لوگ اس انتظار میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دنیا میں آنکھ ملانے کے قابل نہیں چھوڑا۔فرح گوگی اور عمران کی بہن کی چوریاں ہیں۔یہ گھڑی چور ہیں‘یہ الیکشن لڑنے کے بھی اہل نہیں ہیں۔ اس جھوٹے شخص کا روز جھوٹ ثابت ہو رہا ہے۔جھوٹے شخص کو عوام کی نمائندگی اور حکمرانی کا حق حاصل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کا ساتھ دینا ہے۔جلد میاں نواز شریف ملک کی قیادت سنبھالیں گے۔