لاہور ( اے بی این نیوز )لاہور میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق اہم عدالتی فیصلہ سامنے آ گیا ہے، جہاں انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کرتے ہوئے دیگر مرکزی شخصیات کو طویل قید کی سزائیں سنا دیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے کلب چوک جی او آر پر حملے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا دی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ان ملزمان کے خلاف الزامات ثابت ہو گئے، جبکہ شاہ محمود قریشی کے خلاف شواہد ناکافی ہونے پر انہیں بری کر دیا گیا۔
یہ فیصلہ اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سنایا۔ عدالتی کارروائی کے دوران کیس میں نامزد مجموعی طور پر 25 ملزمان کا ٹرائل کیا گیا، جن میں سے 13 افراد کو بری کر دیا گیا جبکہ 8 ملزمان کو مختلف سزائیں سنائی گئیں۔ اس مقدمے میں 4 ملزمان کو پہلے ہی اشتہاری قرار دیا جا چکا تھا۔
فیصلے کے بعد سیاسی حلقوں میں شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ 9 مئی کے مقدمات ایک بار پھر ملکی سیاست میں زیر بحث آ گئے ہیں۔ اس فیصلے کو پاکستان کی حالیہ سیاسی اور عدالتی تاریخ کا ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان، علیحدہ علیحدہ شیڈول جاری ،جا نئے تفصیلات















