اسلام آباد(اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز ہو گیا۔
انسداددہشت گردی عدالت کے احکامات پر مختلف جگہوں پر نوٹسز چسپا کر دیے گئے، جوڈیشل کمپلیکس میں بھی مختلف مقامات پر طلبی کے حوالے سے نوٹسز لگا دیے گئے۔
نوٹسز میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں مینا خان، امجد خان، شفیع اللہ جان اور امجد آفریدی کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انسداددہشت گردی عدالت کے سیکشن 87 کے حکمنامہ کی روشنی میں ملزمان کے حوالے سے نوٹسز آویزاں کئے گئے ہیں۔
نوٹسز میں واضح کیا گیا ہے کہ ملزمان عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کررہے یا روپوش ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی ،شفیع اللہ و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوں۔
عدالتی احکامات پر جاری نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کی پیشی کے حوالے سے یہ آخری موقع دیا جا رہا ہے، سیکشن 87 کی کارروائی کے دوران ملزمان عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ عدالت نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت خیبرپختونخوا کے 5 ایم پی ایز کو اشتہاری قرار دے دیا ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں مینا خان، امجد علی، شفیع اللہ جان اور اقبال آفریدی کے اشتہار شائع کر دیے گئے ہیں۔
پانچوں ملزمان کو سی ٹی ڈی اسلام آباد کے 2 مقدمات میں اشتہاری قرار دیا گیا اور ملزمان کو اشتہار کے ذریعے 30 روز کے اندر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
بعدازاں عدالتی عملے نے وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی ودیگر کو اشتہاری قرار دینے کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے ودیگر کو تاحال اشتہاری نہیں قرار دیا گیا، وزیر اعلیٰ کے پی کے ودیگر کیخلاف ابھی 87 کی کارروائی جاری ہے۔
عدالتی عملے کی جانب سے مزید کہا گیا کہ عدالت کو تاحال ملزمان کا چالان بھی موصول نہیں ہوا، 4 جنوری کو پولیس رپورٹ کے بعد عدالت کارروائی کا فیصلہ کرے گی۔
تاہم آج عدالتی احکامات پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو دیگر کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں۔زندہ مرغی اور گوشت کی قیمت میں کمی















