اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی قیادت کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی 125 یونین کونسلز کے تمام وارڈز میں امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے تمام اسٹیک ہولڈرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صدر اسلام آباد ریجن عامر مسعود مغل نے کی۔ اجلاس میں ریجنل سیکرٹری اور چیئرمین بلدیات کمیٹی ملک عامر علی اعوان سمیت پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس میں سینیٹر فوزیہ ارشد، شعیب شاہین، سید فرزند شاہ اور علی بخاری بھی شریک ہوئے، جہاں بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی، امیدواروں کے انتخاب اور انتخابی مہم سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
پی ٹی آئی قیادت نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے بلدیاتی ایکٹ میں کی گئی متنازع ترامیم کے باوجود پارٹی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن میں ضلع بھر میں کلین سویپ کرے گی اور عوامی حمایت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
مزید پڑھیں :حکومت کے محکموں کی تعداد کم کر کے 20 کرنے کی منظوری















