اہم خبریں

20 دسمبر سے بارشیں، برفباری

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )محکمہ موسمیات نے 20 دسمبر سے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

اسلام آباد سے جاری رپورٹ کے مطابق 20 سے 22 دسمبر کے دوران ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند مقامات پر برف پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی 19 اور 20 دسمبر کے دوران بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں شدید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چترال، دیر، سوات، پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ میں 19 دسمبر کو بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ 20 دسمبر کی رات سے 21 دسمبر کے دوران مری اور گلیات میں موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے، جس سے سرد موسم مزید سخت ہو سکتا ہے۔

وسطی پنجاب کے مختلف شہروں سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں 20 اور 21 دسمبر کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں رہنے اور سفر کرنے والوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ سرد موسم اور ممکنہ بارشوں کے پیش نظر عوام کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں :پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی اصل ضمانت نوجوان نسل ہے،وزیر اعظم

متعلقہ خبریں